کراچی اور حیدرآباد میں کشیدگی، دو روز بعد شروع ہونے والی کاروباری سرگرمیاں پھر معطل

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد اور حیدرآباد میں نامعلوم افراد نے دو روز بعد کھلنے والی کاروباری سرگرمیوں کو ایک مرتبہ پھر معطل کرادیا ہے جس کے بعد عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے گزشتہ روز کاروباری سرگرمیاں بحال کئے جانے کے اعلان کے بعد آج صبح سے ہی کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں معمولات زندگی بحال ہو گئے تھے تاہم چند گھنٹوں بعد ہی نامعلوم افراد کی جانب سے دکانداروں اور کاروباری حضرات کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر دکانیں بند کردی گئیں۔ جس کے بعد کراچی اور حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ، پیٹرول پمپس، دکانیں، بازار، کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے شر پسند عناصر کی جانب سے کاروبار بند کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض عناصر اس طرح کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے صورت حال خراب کرنا چاہتے ہیں، بعض عناصر چاہتے ہیں اس کا الزام ایم کیوایم کے سرتھوپا جائے، اس صورت حال میں عوام پرامن رہیں اور اپنے جذبات قابو میں رکھیں، تاجروں، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز سے اپیل ہے کہ وہ اپنے کاروبار کھولے رکھیں۔