لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں معاشی ترقی، توانائی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے فروغ اورمعیشت کی بحالی کے لیے توانائی بحران کو جلد سے جلد ختم کرنا ناگزیر ہے، حکومت اس مقصد کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔
نندی پور پاور پراجیکٹ، قائد اعظم سولر پارک اور کوئلے سے بجلی کے حصول کے منصوبوں کی تکمیل سے توانائی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے میں بڑی مدد ملے گی، سابق حکمرانوں نے توانائی بحران کے حل اور معیشت کی بہتری پر توجہ نہیں دی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جامع پالیسیوں اور حکمت عملی سے معیشت کا رخ بحالی اور ترقی کی طرف موڑ دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت عوام کی ترقی اوربہبود کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عام شہریوں کو روز مرہ استعمال کی اشیا کی مناسب نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے رمضان پیکیج سمیت قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے موثر انتظامی اقدامات کیے جائیں گے، وزیر تجارت خرم دستگیر نے صوبے میں تیز رفتار ترقیاتی عمل اور پالیسیوں کو سراہا او رکہا کہ موجودہ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے۔