پیر محمد عثمان افضل قادری امریکہ کے 17 روزہ تبلیغی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

 Pir Usman Afzal Qadri

Pir Usman Afzal Qadri

گجرات: متاز مذہبی وروحانی رہنما پیر محمد عثمان افضل قادری ذیب سجادہ دربار عالیہ نیک آباد (مراڑیاں شریف) گجرات پاکستان امریکہ کے 17روزہ تبلیغی دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

انہوں نے اپنے دورے کے دوران سات امریکی ریاستوں واشنگٹن، ورجینیا، میری لینڈ، نیویارک، نیوجرسی، کنیک ٹیکٹ، پنسلوانیا کے مختلف علاقوں میں سترہ پروگراموں میں شرکت کی اور اہم موضوعات پر لیکچرز اور خطابات کئے۔ جبکہ مقامی اسلامی چینلز اور کئے اخبارات نے ان کے انٹرویو بھی کئے۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے روحانیت کے حوالہ سے مختلف محافل کیساتھ ساتھ ائیر اینڈ سپیس ودیگر اڈیٹوریم اور لائبریریوں کا وزٹ کیا اور امریکہ میں مقیم علماء کرام کے اجلاسوں میں تعلیم وتربیت کے نظام کو مزید بہتر کرنے کیلئے تجاویز دیں اور اجتماعات جمعہ اور مختلف استقبالیہ تقاریب سے خطابات کئے۔

واپسی پر اپنے تاثرات میں انہوں نے کہا کہ اسلام پوری دنیا پر تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور دنیا اس حقیقت کو سمجھ رہی ہے کہ اسلام ہی راہ نجات ہے اور اسلام ہی جسمانی معاملات کیساتھ ساتھ روح اور روحانیت کے متعلق مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی ایک نو مسلموں نے میرے سامنے اس حقیقت کا اعتراف کیا ہے کہ وہ کلبوں اور میوزک میں سکون کے متلاشی رہے لیکن سکون دین اسلام پر عمل، نماز، قرآن مجید اور درود پاک سے ملا ہے، اور اسلام قبول کرنے سے جو راحت نصیب ہوئی وہ ناقابل بیان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضروت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں صحیح اسلامی معاشرہ قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے اس بات پر سخت افسوس کا اظہار کیا کہ جب ہم پاکستانی چینلز لگاتے ہیں تو ہمارے بچے سوال کرتے ہیں کہ یہ اسلامی ملک کے چینلز ہیں جنہیں اسلامی اقدار کا خیال ہی نہیں۔ لہذا الیکٹرانک میڈہا سے گزارش ہے کہ وہ اپنے چینلز کو اسلامی اقدار کے موافق کریں۔