لندن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما جب پولینڈ پہنچے تو انہوں نے دارالحکومت وارسا کے میریٹ ہوٹل میں قیام کیا۔ اپنے مختصر قیام کے دوران صدر اوباما حفاظتی عملے کو چکمہ دیتے ہوئے ہوٹل کے زیر انتظام ایک جِم میں چلے گئے اور آدھا گھنٹہ ویٹ لفٹنگ کے کرتب دکھاتے رہے۔ ویٹ لفٹنگ اور ورزش کے دوران جم پر موجود ایک شخص نے صدر باراک اوما کی ویٹ لفٹنگ کی تصاویر لیں اور انہیں فوری طور پر سوشل میڈیا پر پھیلا دیا۔ اس شخص نے نوے سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی بنائی جس سے مزید تصاویر بھی سوشل میڈیا تک پہنچی ہیں۔
بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اچانک باراک اوباما کانوں میں ہیڈ فون لگائے جم میں داخل ہوئے۔ شاید وہ اس دوران موسیقی سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔ اوباما نے جم میں داخل ہوتے استقبالیہ پر موجود جم کے حوالے سے گائیڈ بک کا مطالعہ کیا جس کے بعد وہ آگے کی طرف بڑھے اور دو کلو گرام کے دو الگ الگ فولادی ویٹ اپنے ہاتھوں میں اٹھا لیے۔ پہلے وہ بیٹھ کر ویٹ لفٹنگ کرتے رہے لیکن پھر کھڑے ہو گئے اور ویٹ کو اپنے سر سے اونچا لے جاتے۔
چند منٹ بعد انہوں نے دو دو کلو گرام کے ویٹ چھوڑ دیے اور چار چار کلو گرام کے دو ویٹ اٹھا لیے اور ان سے ورزش شروع کر دی۔ وہ انہیں بھی افقی سمت میں اپنے سر سے اوپر تک لے جاتے رہے۔ آدھے گھنٹے پر محیط ایکسر سائز میں صدر اوباما نے نہایت اطمینان کے ساتھ ویٹ لفٹنگ کی جس کے بعد وہ دوبارہ اپنے کمرے میں چلے گئے۔