لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا تین رکنی وفد ترکی کے دس روزہ دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ زبیر حفیظ کر رہے تھے۔
وفد نے ترکی میں انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشن (IIFSO)، انٹرنیشنل یوتھ فورم (IYF)کے اجلاسوں کے علاوہ فتح استنبول کے جشن میں بھی شرکت کی۔ ترکی میں قیام کے دوران وفد کے اراکین نے دنیا بھر میں موجود نوجوانوں اور طلبہ کی تنظیموں کے وفود سے ملاقاتیں بھی کیں ۔ ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان زبیر حفیظ نے اسلام آباد ائر پورٹ پر استقبال کے لئے آنے والے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے نوجوانوں اور طلبہ نمائندوں سے ہونے والی ملاقاتیں سود مند رہیں۔تعلیم کے فروغ اور معاشرتی ناانصافی کے خاتمے سے ہی دنیا امن اور سکون کا گہوارہ بن سکتی ہے۔
شدت پسندی اور انتہا پسندی کا خاتمہ تعلیم کی شمع جلا کر ہی ممکن ہے۔ معاشروں میں استحکام اور بقاء علم کی دولت سے ہی ممکن ہے۔ مسلم دنیا کے نوجوان مغربی ثقافتی یلغار اور مسلم ممالک کے معاملات میں مغربی ممالک کی مداخلت سے نالاں ہیں وہ بیدار مغز ، اسلام پسند اور محب وطن ہیں۔ نوجوانوں کے جذبے کو منزل کا راستہ دکھانے کے لئے قیادت موجود نہیں ہے۔ دریں اثناء ناظم اعلیٰ کو افسو کی مرکزی مجلس شوریٰ کا ممبر اور اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر طلبہ ، اساتذہ اور سول سوسائٹی کی جانب سے مبارک باد بھی پیش کی گئی۔