اعظم اسپورٹس کرکٹ گرائونڈ کھو کھرآپار ملیر سے تجاوزات اور قبضہ ختم کرایا جائے انصاری و بندھانی برادری کا مطالبہ

Karachi

Karachi

کراچی : انصاری و بندھانی برادری کا اعظم اسپورٹس کرکٹ گرائونڈ کھو کھرا پار پر ناجائز تجاوزات اور قبضہ کے خلاف معززین کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں تجاوزات اور قبضے کی روک تھام کے حوالے سے برادی کی جان سے حکمت عملی مرتب کی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بندھانی برادری کے صدر عبدالمالک نے کہاکہ اعظم اسپورٹس کرکٹ گرائونڈ ملیر کھو کھرآپار کے نوجوانوں کے لئے واحد کھیل کا میدان ہے جس پر چند نادیدہ قوتوں نے بھنیسوں کے باڑے اور قبضہ کرکے کھیل کے میدان کو ختم کرنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے مستقبل کے معماروں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس موقع پر انصاری برادی کے رہنماء مکربین انصاری نے کہاکہ موجودہ دور میں بہتر معاشرے کی تشکیل کے لئے تعلیم بہت ضروری ہے وہیں نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے لئے کھیل کے میدان کی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا شہر میں موجود چھوٹے چھوٹی کھیل کے میدانوں سے اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھ کر آج عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی پیدا ہوئے ہیں اجلاس میں متفقہ قرار داد کے ذریعے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اسپورٹس عادل صدیقی ،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی رئوف اختر فاروقی ،صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن، رکن قومی اسمبلی ساجد احمد ،رکن صوبائی اسمبلی اشفاق منگی،ندیم راضی،ایڈمنسٹریٹر و میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایکشن لیتے ہوئے اعظم اسپورٹس کرکٹ گرائونڈ کھو کھرآپار ملیر سے تجاوزات اور غیر قانونی قبضے کا فوری خاتمہ کیا جائے۔