کابل (جیوڈیسک) افغان صدراتی امیدوار عبداللہ عبداللہ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے جب کہ ان کے سیکیورٹی گارڈز زخمی ہو گئے۔ افغان صدارتی انتخابات کے مضبوط ترین امیدوارعبداللہ عبداللہ کابل میں ایک جلسے سے خطاب کرنے کے بعد دوسرے جلسے کے لئے جا رہے تھے ان کا قافلے میں شامل گاڑیاں بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں عبداللہ عبداللہ کے متعدد سیکیورٹی گارڈز زخمی ہو گئے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔
افغان انتخابات میں عبداللہ عبداللہ کے مد مقابل امیدوار اشرف غنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر عبداللہ عبداللہ پر کئے جانے والے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک میں بدامنی پھیلانے اور جمہوری نظام کو متاثر کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دوسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ 14 جون کو ہو گی جب کہ طالبان نے صدارتی انتخابات کے دوران حملے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔