لندن میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو اسپتال سے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خون کے تجزیئے اور اینجیو گرافی کی رپورٹس کے معائنے کے بعد انہیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے جہاں منی لانڈرنگ کیس میں ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج رہنے کی مدت الطاف حسین کی پولیس حراست میں شامل نہیں ہو گی، اس لئے قانون کے مطابق انہیں پیر کی شام تک حراست میں رکھاجا سکتا ہے۔ اس دوران وہ ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس سے قبل ڈاکٹروں نے الطاف حسین کی اینجیو گرافی کی رپورٹس تسلی بخش قرار دے دی تھی۔

جس کے بعد ان میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ان کی پولیس اسٹیشن منتقلی کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ منگل کو لندن پولیس نے الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کیس میں حراست میں لیا تھا تاہم ان کی خراب طبیعت کو دیکھتے ہوئے انییں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 3 روز سے ان کا علاج جاری تھا۔