اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں پولیو کے مزید چار نئے کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد مجموعی طور پر پولیو کیسز کی تعداد 74 ہو گئی۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں پولیو کے مزید 4 نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق شمالی وزیرستان جبکہ 2 کا بنوں سے ہے۔ میران شاہ کی 22 ماہ کی لائبہ، 23 ماہ کا الیاس جبکہ بنوں کی ساڑھے تین سالہ مدینہ اور ڈیڑھ سالہ حلیمہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں مجبوعی طور پر پولیو کیسز کی تعداد 74 تک جا پہنچی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے سامنے آنےوالے 74 پولیو کیسز میں سے 57 کا تعلق فاٹا، 11 خیبر پختون خوا جبکہ 6 کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں پے در پے پولیو کیسز کے سامنے آنے کے باعث بین الاقوامی سفری پابندیاں بھی عائد کی جا چکی ہیں جس کے تحت بیرون ملک سفر کرنےوالے پاکستانیوں کو پولیو ویکیسن اور سرٹیفکیٹ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر 5 میں سے 4 کیس پاکستان سے ہوتے ہیں اور پاکستان پولیو کے پھیلاؤ میں نائیجیریا سے بھی آگے نکل چکا ہے۔