شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 4 ملزمان ہلاک

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) گلشن بونیر، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا اور شاہ لطیف ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے دوران 4 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق قائد آباد پولیس نے گلشن بونیر ریڑھی روڈ مظفر آباد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان کو ہلاک کر دیا، ایس ایچ او قائد آباد امان اﷲ مروت نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مظفر آباد قبرستان کے قریب پولیس اسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ 125 موٹر سائیکل پر سوار 2 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انھوں نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس نے ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔

جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان زخمی ہوکر موٹر سائیکل سمیت نیچے گر گئے، پولیس نے زخمی ملزمان کو حراست میں لیکر 2 ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل تحویل میں لی، ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لا رہی تھی کہ وہ دوران سفر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ، ہلاک ہونے والے ملزمان کی عمریں 25 سے 27 سال کے درمیان ہیں اور ان کی شناخت نہیں ہوسکی،شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے آغا ٹاؤن ملیر ندی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں موٹر سائیکل سوار 35 سالہ ملزم ہلاک ہو گیا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی، پولیس کے مطابق ، آغا ٹاؤن ملیر ندی کے قریب موٹر سائیکل سوار2ملزمان دکاندار اختر زیب سے 54 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہورہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پارٹی موقع پر پہنچ گئی۔

ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم مارا گیا ساتھی رقم لے ر فرار ہوگیا، ہلاک ملزم کی شناخت نہ ہو سکی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے علاقے بشیر چوک پر پولیس نے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول ، چھینا گیا موبائل فون ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کر کے ہلاک و زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔