امریکی (جیوڈیسک) وزارت دفاع کی ایک رپورٹ کے مطابق چین نے سنہ 2014 کےدوران دفاع پر کیے جانے والے اخراجات کو 20 فی صد کم کر کے پیش کیا ہے۔ چین نے رواں سال کے لیے اپنے دفاعی بجٹ کا تخمینہ 120 ارب ڈالر بتایا ہے لیکن امریکی رپورٹ کا کہنا ہے کہ حقیقی رقم 145 ارب ڈالر کے قریب ہے۔
امریکہ نے چین سے اپنے منصوبوں کے بارے میں زیادہ شفافیت مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ چین کے جنوب میں واقعہ سمندر میں موجود متنازع جزائر پر علاقائی قوتوں سے چین کے تعلقات بہت کشیدہ ہیں۔
دوسری جانب چین ہمیشہ ہی امریکہ پر منافقت کا الزام لگاتا رہا ہے کیونکہ امریکہ کے دفاعی بجٹ کے سامنے چین کا دفاعی بجٹ بہت کم نظر آتا ہے امریکی کا عسکری بجٹ سنہ 2013 میں 600 ارب ڈالر تھا۔ چین کے دفاع پر امریکہ سالانہ رپورٹ شائع کرتا ہے جو کہ چینی اخراجات کا تخمینہ ہوتا ہے۔ امریکہ نے گذشتہ سال چین کے اخراجات کا تخمینہ 135 ارب ڈالر سے 215 ارب ڈالر کے درمیان بتایا ہے۔