سیالکوٹ کے جناح سٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسے تیاریاں مکمل

 PTI Gathering

PTI Gathering

سیالکوٹ (جیوڈیسک) سیالکوٹ کے جناح سٹیڈیم میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ سامعین کے لئے پنڈال میں ہزاروں کرسیاں بچھا دی گئی ہیں۔

کارکن چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی باؤنسرز اور لیگ کٹرز جملوں سے بھرپور تقریر سننے کے منتظر ہیں۔

سٹیڈیم کے سرسبز لان میں پارٹی پرچم کے رنگ کی مناسبت سے سرخ اور سفید پوشش والی تقریبا تیس ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں۔

پنڈال کے چاروں طرف عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی قد آور تصاویر والے فلیکس اور بینرز آویزاں ہیں۔ جلسہ گاہ میں ہوا کے دوش پر لہراتی سرخ، سبز اور سفید جھنڈیوں کی بھرمار ہے۔

پنڈال میں داخلے کے لئے واک تھرو گیٹس کے علاوہ سیکورٹی کے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ مقررین کی تقاریر کی کوریج کے لئے پنڈال میں کیمرہ مینوں کے لئے کئی کرینیں اور ساؤنڈ سسٹم نصب کئے گئے ہیں۔

میڈیا کے نمائندوں کے لئے ایک دیو ہیکل سٹیج بنایا گیا ہے جہاں سے نشریاتی ادارے کوریج کریں گے۔ کارکنوں کے جوش و جذبے کو تازہ رکھنے کے لئے لہو کو گرما دینے والے پارٹی ترانوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

سٹیڈیم جانے والے راستوں پر ہر جگہ پارٹی پرچم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے علاوہ دیگر رہنماؤں کے پوسٹرز اور فلیکس بھی آویزاں کئے گئے ہیں۔ شہر میں ایک جشن کا سا سماں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اقبال کا درجہ حرارت آج زیادہ سے زیادہ 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے تاہم کارکن موسم کی پرواہ کئے بغیر سٹیڈیم کی سیاسی پچ پر اپنے رہنماء عمران خان کی باؤنسر اور لیگ کٹرز جملوں سے بھرپور تقریر سننے کے منتظر ہیں۔