امسال اجتماع عام لاہور میں ہو گا، کارکن تیاری کریں، لیاقت بلوچ

Liaquat Baloch

Liaquat Baloch

راولپنڈی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امسال کل پاکستان اجتماع عام اکتوبر میں مینار پاکستان لاہور کے مقام پر منعقد کیا جائے گا راولپنڈی کے کارکنان ابھی سے تیاریاں شروع کر دیں۔ بدلتے ہوئے حالات میں اجتماع عام کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ انشا اللہ ہر لحاظ سے یہ اجتماع مثالی ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے ذمہ داران کے خصوصی تنظیمی جائزہ اجلاس میں کیا۔

اس اجلاس میں ضلعی عہدیداران اور شعبہ جات کے ناظمین نے رپورٹس پیش کیں۔ اس کے علاوہ منصوبہ عمل 2014 کی روشنی میں سوالات اور جوابات کا تفصیلی سیشن بھی ہوا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کام ہمہ پہلو ہے۔ وقتی طور پرکسی ایک کام یا شعبے پر توجہ دینے کی وجہ سے دیگر شعبوں اور امور کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ منصوبہ عمل صرف خوبصورت انداز میں تیار کر دینا کافی نہیں ہے بلکہ اس پر عمل درآمداصل چیز ہے جس کا جائزہ بھی ضروری ہے۔ لگے بندھے طریقوں سے کام کی بجائے نئے نئے انداز سے دعوتی اور سیاسی کام کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کہ وہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کی طرف توجہ دیں۔بلدیاتی انتخابات کسی وقت بھی ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے ملک کا اکاون فیصد ہیں اور اٹھارہ سال کے نوجوان ووٹر بن رہے ہیں۔ خواتین اور نوجوانوں میں کام کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ ہر طبقہ فکر کے افراد سے رابطوں کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اور سابق ایم پی اے نصراللہ شجیح کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کی طرف بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے اور اب آئی ٹی کے شعبے کو مرکز اور صوبوں کے بعد اضلاع کی سطح پر بھی منظم کیا جا رہا ہے۔ جس سے رابطوں اور کام میں مزید بہتری آ ئے گی اور آسانیاں پیدا ہوں گی۔