اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ فیڈرل پی ایس ڈی پی 2014-15 میں 5 کھرب 62 ارب 32 کروڑ 30 لاکھ کی ترقیاتی سکیموں میں آزاد کشمیر کے 47 میگا پراجیکٹس کے لیے 47 ارب 97 کروڑ 4 لاکھ 39 ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں ان منصوبوں کی تکمیل سے آزاد خطہ کے لوگوں کی زندگی میں انقلاب آئے گا اور آزاد کشمیر ترقی وخوشحالی کے راستے پر گامزن ہو گا۔
آزاد کشمیر کی ترقی میں گہری دلچسپی لینے پر آزاد حکومت اور عوام، وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں۔ جمعہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری مجید نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اتنے بڑے پراجیکٹس کشمیری عوام کے لیے بڑا تحفہ ہیں۔ اور یہ تاریخ میں پہلی بار آزاد کشمیر کے اندر اتنے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ہو رہے ہیں چوہدری عبدالمجید نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء کی ذاتی دلچسپی سے آزاد کشمیر کے عوام کو میگا ترقیاتی منصوبے ملے۔