لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہو گا۔ صوبائی بجٹ میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے خطیر وسائل مختص کئے جائیں گے۔ غریب اور محروم معیشت طبقات کے فلاحی پروگراموں کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام آدمی کی فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں مالی سال 2014-15ء کے صوبائی بجٹ کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں ایسے اقدامات کئے جائیں گے جن سے پسے ہوئے طبقات کے معیار زندگی میں بہتری آئیگی۔ تعلیم، صحت، زراعت، لائیو سٹاک، صنعت اور دیگر شعبوں کی ترقی کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ ٹیکس وصولی کے نظام میں خامیاں دور کر کے محصولات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا منشور خدمت خلق اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ میگا پراجیکٹس سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ بڑے منصوبوں پر عملدرآمد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
پنجاب حکومت کی موثر اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث صوبے میں اربوں روپے کی بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث صوبے میں اربوں روپے کی بیرونی سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خاں، بلال یٰسین، مجتبی شجاع الرحمن، چودھری شفیق، یاور زمان، رانا مشہود، عطا مانیکا، مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، مشیر لائیو سٹاک چودھری ارشد جٹ، ارکان اسمبلی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسیوں کے باعث معاشی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر 13 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ توانائی بحران کے حل کیلئے حکومت تیز رفتاری سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں اور مراعات فراہم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ترکی کے معروف سرمایہ کار گروپ کلر ہولڈنگ کے چیئرمین نیہت کلر کی سربراہی میں وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے یہاں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان خصوصاً پنجاب میں انفراسٹرکچر، توانائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک گروپ نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ترکی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان بالخصوص پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اس موقع پر ترک گروپ کے چیئرمین نیہت کلر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب میں توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرناچاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے احسن اقدامات کئے ہیں۔ شہباز شریف نے خیبر پی کے کے حلقہ 45 ایبٹ آباد کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار محمد فرید عباسی کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی خیبر پی کے کے صوبائی حلقہ میںشاندار کامیابی پارٹی قیادت پر عوام کے بھر پور اعتماد کا اظہار ہے۔
شہباز شریف سے آج یہاں بھارت میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک بھارت تعلقات اور وزیراعظم محمد نواز شریف کے حالیہ دورہ بھارت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور اچھے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ خطے میں پائیدار امن کیلئے پاک بھارت تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو کشمیر، پانی اور دیگر متنازعہ امور جامع مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔
شہباز شریف نے مظفرگڑھ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ شہباز شریف نے لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر مین ہول کی صفائی کے دوران سینٹری ورکر کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب آج چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان کی رہائش گاہ پر گئے اور انہیں بیٹے کی شادی پر مبارکباد دی۔