لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پولیس لاک اپ سے لندن سکریٹیریٹ پہنچے تو انکا مزاج نہایت خوش گوار تھا۔ جس کی جھلک ان کے خطاب میں بار بار نظر آئی۔ چار دن تک پولیس حراست میں رہنے اور انجیو گرافی کرانے کے باوجود جب الطاف حسین کارکنوں سے خطاب کرنے انٹرنیشنل سیکریٹیریٹ پہنچے تو ان کے مزاج کی خوشگواریت اپنے عروج پر تھی۔
کوئی بھی یہ نہیں کہ سکتا تھا کہ یہ فرد اتنے سخت حالات گذار کر آیا ہے۔ پرلطف لہجے میں گفتگو کرتےہوئے اور بار بار ہنستے اور مسکراتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کے لیے سزا بھی جزا ہوتی ہے، وہ جیل کریش کورس کے لیے گئے تھے۔
الطاف حسین نے تمام تنظیمی کمیٹیوں اور کارکنان کااپنے انداز میں شکریہ ادا کیا۔ ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ انھیں معلوم ہے کہ کارکنان کے ساتھ میڈیا بھی جاگتا رہا۔ ایم کیو ایم کے رہنما اور صوبائی وزیر رؤف صدیقی کی لندن میں موجودگی پر الطاف حسین نے شرارتی انداز میں شکریہ ادا کیا۔