کراچی (جیوڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ فون کر کے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے فون پر گفتگو کی اور انہیں ان کی رہائی پر مبارکباد پیش کی۔
رحمن ملک نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے ایک بڑے عوامی لیڈرہیں اور آپ کی گرفتاری سے صرف ایم کیو ایم کے کارکنوں ہی میں نہیں بلکہ پاکستان بھر کے عوام میں شدید بے چینی تھی۔
انہوں نے الطاف حسین کو سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔
انہوں نے اپنی اور پیپلزپارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیااور اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں جماعتیں سندھ کے مفادمیں مل جل کر کام کریں گی۔
الطاف حسین نے رحمن ملک کا شکریہ ادا کیااور جواباً سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے لئے نیک جذبات کا اظہار کیا۔