لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ صوبے میں ترقیاتی تفاوت کم کرنے کے لئے گزشتہ 6 برسوں کے دوران جنوبی پنجاب کی ترقی اور پسماندہ اضلاع کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔
ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے خطیر وسائل کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، جنوبی پنجاب کے عوام کا معیار زندگی بلند کر کے انہیں ترقی کے دھارے میں لانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔مظفر گڑھ میں ترکی کے تعاون سے مکمل ہونے والے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کا افتتاح رواں ماہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے وسائل مختص کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاجنوبی پنجاب اور دور دراز علاقوں کے لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے 10 موبائل ہیلتھ یونٹس کی فراہمی کی منظوری دیتے ہوئے کہا ان موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے جنوبی پنجاب کے عوام کو گھروں کی دہلیز پر بہترین ، معیاری اورجدید طبی و تشخیصی سہولیات میسرآئیں گی۔
انہوں نے فورٹ منرو میں دانش سکول کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا پنجاب حکومت نے تمام دانش سکول پنجاب کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں قائم کئے ہیں جو ان علاقوں کی خاک آلود گلیوں کے بچوں کو معیاری تعلیم بالکل مفت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا فورٹ منرومیں دانش سکول کا قیام حکومت کا علاقے کے عوام کے لئے شاندار تحفہ ہوگا۔
انہوں نے کہا فورٹ منروہمارا تاریخی ورثہ ہے او ر اسے ایک بھر پور سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا رحیم یار خان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انجینئر نگ یونیورسٹی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیاہے اس کو تیز رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا سڑکوں کی تعمیر اور فراہمی آب کی سکیموں کے لئے بھی پہلے سے زیادہ وسائل مختص کئے جارہے ہیں ، واٹر سپلائی سکیموں کو آئندہ سولر سسٹم پر چلایا جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی اویس لغاری نے کہا شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں ، لوگ انہیں دعائیں دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سرگودھا کے قریب کوٹ مومن موٹروے انٹرچینج ، تلہ گنگ میں ٹریفک حادثات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی زخمی ہونے افراد کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
شہباز شریف نے ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن کے بھانجے انوارالحسن اور ریڈیو و ٹیلی ویژن کے معروف صداکار عارف زیبائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے مظفر گڑھ کے علاقے مراد آباد میں 12 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی اومظفر گڑھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ملزمان کو فی الفور گرفتار کیاجائے۔