جعفرآباد: مسلح افراد کا نیٹو آئل ٹینکر پر حملہ

Tanker

Tanker

کوئٹہ (جیوڈیسک) پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں آج اتوار کی صبح نامعلوم افراد کی جانب سے ایک نیٹو آئل ٹینکر پر فائرنگ کی گئی جس سے اس میں آگ لگ گئی۔ ایک پولیس افسر نور محمد بریچ نے ڈان ڈاٹ کام سے با ت کرتے ہوئے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ جعفرآباد کے قریب ڈیرہ اللہ یار کے مقام پر پیش آیا جہاں پر مسلح افراد نے آئل ٹینکر پر فائرنگ کی، تاہم حملے کے بعد ڈرائیور محفوظ رہا۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ مسلح افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جو بعد میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پولیس اور امدادی ٹمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ تفتیش کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔

خیال رہے کہ صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ سات سالوں سے زائد عرصے سے شدت پسند نیٹو کے لیے سامانِ رسد اور تیل لے جانے والے ٹینکروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر حملے بولان، خضدار، نصیرآباد، کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں پیش آئے ہیں۔ ابھی تک اس تازہ واقعہ کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔