راولپنڈی (جیوڈیسک) جیو نیوز کے خلاف پیمرا کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیمرا کی جانب سے فیصلے کو وزارت دفاع قبول نہیں کرے گی اور سزا میں اضافے کیلئے اپیل کریں گے۔
اس سے پہلے ہوئے عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو کے خلاف پیمرا کا فیصلہ جرم کے مطابق سزا کم اور تاخیر سے دی گئی۔ فوجی ذرائع کے مطابق حالت جنگ میں ہونے کے باوجود فوج کو ٹارگٹ کیا گیا۔ ڈیڑھ ماہ سے فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف باقاعدہ جاری مہم کا حساب کون دے گا؟۔
آئی ایس آئی کے سربراہ کو ٹارگٹ کرنے والوں کے مقاصد کیا تھے؟۔ قومی سلامتی کے اداروں اور فوج کو ٹارگٹ کر کے کس کی خدمت ہوئی؟ یہ بھی پتہ چلنا چاہئے۔ ذرائع کے مطابق قوم کے تمام طبقات نے ردعمل ظاہر کیا کہ وہ اپنی فوج کی پشت پر ہے۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج کی جدوجہد اور قربانیاں سب کے سامنے عیاں ہیں۔ فوج ملکی سرحدوں کی محافظ اور آئینی ذمہ داریوں کی پابند ہے۔ فوج اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے تنقید کرنے والوں کا ایجنڈہ جاننا ضروری ہے۔