منگلا پاور ہاؤس کے 10 میں سے 5 یونٹ ٹرپ کر گئے، بجلی بحران مزید شدید ہونےکا خدشہ

Mangla

Mangla

اسلام آباد (جیوڈیسک) منگلا پاور ہاؤس کے 10 میں سے 5 یونٹ ٹرپ کر گئے ہیں جس کے بعد ملک میں بجلی کا بحران مزید شدید ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 13 ہزار 350 اورطلب 16 ہزار 900 میگاواٹ ہے ، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 550 میگاواٹ ہوگیا، آئی پی پیز سے 7 ہزار 50 میگاواٹ، تھرمل ذرائع سے ایک ہزار 650 میگاواٹ جبکہ ہائیڈل ذرائع سے 4 ہزار 650 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہورہی ہے۔ گزشتہ رات منگلا پاور ہاؤس کے 10 میں سے 5 یونٹ ٹرپ کرگئے۔ جن میں سے 2 میں فنی خرابی کو دور کرلیا گیا ہے جبکہ 3 یونٹ کو ٹھیک نہیں کیا جاسکا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ خراب پیداواری یونٹس میں سے ایک کے مین ٹرانسفارمر جبکہ دوسرے یونٹ کے کرنٹ ٹرانسفارمر میں آگ لگ گئی تھی۔ ان تینوں یونٹ کے بند ہونے سے ملک میں بجلی کی پیداوار میں 350 میگا واٹ کمی ہوگئی ہے۔

جبکہ متاثرہ ٹرانسفارمرز کی بحالی میں3دن لگیں گے۔ بجلی کے شارٹ فال میں اضافے اور ملک میں جاری شدید گرمی کے باعث لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے دوچار عوام کے لئے بجلی کی بندش میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔