پیمرا قوانین میں ترمیم کے لئے حکومت میڈیا ہاؤسز سے مشاورت کرے گی

PEMRA

PEMRA

کراچی (جیوڈیسک) اعلیٰ ترین حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاق نے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ان ترامیم میں یہ شامل کیا جائے گا کہ جو ٹی وی چینل ملکی سالمیت، عسکری اداروں کی کردار کشی اور اسلامی تعلیمات کے منافی پروگرام یا خبر نشر کرے گا ،اس ترمیمی قانون کے تحت اس چینل کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کردیا جائے گا۔

ترمیمی قانون میں یہ بھی شامل کیا جائے گا کہ اس طریقے کے پروگرام نشر کرنا دہشت گردی اور انتشار پھیلانے کے منافی تصورہوں گے اور جو چینل اس کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

پیمرا قوانین میں ترامیم کے حوالے سے اعلیٰ ترین حکومتی حلقوں میں قانونی مشاورت جاری ہے اور جلد تمام میڈیا ہاؤسز کی انتظامیہ اور صحافتی تنظیموں سے اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

مشاورت اوراتفاق رائے کے بعد یہ قانون آرڈیننس کی صورت میں جاری کیا جائے گا ،تاہم اس حوالے سے کی جانے والی مشاورت کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔