لاہور (جیوڈیسک) جون کے مہینے کی روایتی گرمی اپنا جوبن دکھا رہی ہے۔ سورج آگ اُگلنے لگا ہے اور ہوا لُو بن کر جُھلسانے لگی ہے۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میں گرمی اپنے عروج پر ہے۔ شدید گرمی نے بالائی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
تپتی دھوپ اور گرم ہوا کے تھپیڑوں کے باعث سڑکوں اور بازاروں میں سناٹا ہے۔ گرمی کی شدت سے روزمرہ معمولات کے علاوہ کاروباری سرگرمیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں۔ ملک کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید دھوپ اور گرم ہواؤں نے شہریوں کو نڈھال کر دیا ہے۔
اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں انتہائی مجبوری میں باہر نکلنے والے افراد منہ اور سر ڈھانپنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ جُھلسا دینے والی گرمی میں ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے برف کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔
لوگوں نے گرمی بھگانے کیلئے پھلوں کے شربت اور آئس کریم کا استعمال بھی بڑھا دیا ہے۔ اُدھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میدانی علاقوں میں آئندہ چند روز میں گرمی کی شدید لہر برقرار رہے گی تاہم بالائی علاقوں اور زیریں سندھ میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔ –