محکمہ تعلیم سندھ کے اعلی افسران نے مایوس کیا ہے، کسی بھی اعلیٰ افسر کو تعلیم تباہ کرنے نہیں دیں گے، نثار کھوڑو

Nisar Khuhro

Nisar Khuhro

مٹھی (جیوڈیسک) سینئر وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے کر محکمہ کے ڈیوٹی چور اساتذہ کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے گا، پیپلزپارٹی روزگار دینے والی پارٹی ہے چھیننے والی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہائی اسکول گرائونڈ مٹھی میں تھرپارکر کے این ٹی ایس ٹیسٹ پاس پی ایس ٹی کے 757 جبکہ 275 جے ایس ٹی امیدواروں میں آفر اور پوسٹنگ آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں 12000 پی ایس ٹی، 7000جے ایس ٹی اور 1500 ایچ ایس ٹی اساتذہ میرٹ پر بھرتی کر کے انھیں اپنے ڈومیسائل کے اضلاع کے اسکولوں میں مقرر کیا گیا ہے جہاں انھیں لازمی طور پر کم از کم 3 برس تک ڈیوٹی کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، ان اساتذہ کی بھرتی کے بعد 3ہزار بند اسکول کھل جائیں گے۔

محکمہ تعلیم سندھ کے اعلی افسران نے مایوس کیا ہے، کسی بھی اعلیٰ افسر کو تعلیم تباہ کرنے نہیں دیں گے، جو اساتذہ اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر اپنا کاروبار یا دیگر پیشہ اپنائے ہوئے ہیں وہ اپنے اسکولوں میں جاکر اپنا فرض نبھائیں۔

گھوسٹ اساتذہ کے خلاف گشتی ٹیمیں تشکیل دے کر تعلیم ٹارگٹ آپریشن شروع کریں گے اور کسی بھی اساتذہ کی ڈیوٹی میں غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2009 میں جو اساتذہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے تھے، سندھ اسیمبلی کے بل کے تحت انھیں مستقل کیا جائے گا۔ تھرپارکر میں 1172 پرائمری اساتذہ کی آسامیاں خالی تھیں جن میں آج 757 آسامیوں پر اساتذہ کو آفر آرڈر دے رہے ہیں۔