ملازمین کی ڈاؤن سائزنگ کی خبریں درست نہیں، پاکستان اسٹیل

Pakistan Steel Mill

Pakistan Steel Mill

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اسٹیل کے ترجمان نے ادارے میں ڈائون سائزنگ سے متعلق اطلاعات اور میڈیا رپورٹس کو غلط قرار دیا ہے۔

ترجمان پاکستان اسٹیل شازم اختر کے مطابق پاکستان اسٹیل ملک کا قومی اثاثہ ہے اور ادارے میں شب و روز کام کرنے والے ملازمین پاکستان اسٹیل کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اخبارات میں جہاں ڈائون سائزنگ کا ذکر کیا گیا ہے، دراصل اِن خبروں کی اشاعت سے پاکستان اسٹیل کے محنتی اور جفاکش ملازمین کے درمیان انتشار اور افراتفری پیدا کرکے انہیں گمراہ کرنے کوشش کی جارہی ہے اوریہ صرف اور صرف گمراہ کن پراپیگنڈے کے علاوہ کچھ نہیں۔ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ اور حکومت پاکستان کی یہ پالیسی نہیں کہ وہ ادارے کی ترقی میں کام کرنے والے ملازمین کی چھانٹی/ ڈائون سائزنگ کرے۔

ترجمان پاکستان اسٹیل نے مزید کہا کہ جہاں ریشنلائزیشن مین پاور 2004 کا ذکر ہے اس حوالے سے پاکستان اسٹیل انتظامیہ کی پالیسی یہ ہے کہ تکنیکی اور غیر تکنیکی افرادی قوت کواُن کی تربیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق اُن کے متعلقہ محکمہ جات اور شعبہ جات میں قابلیت اور صلاحیت کے مطابق ذمے داریاں سپرد کی جائیں اور جن محکمہ جات میں منظور شدہ مطلوبہ افرادی قوت سے زائد کام کررہی ہے، وہاں سے اُس اضافی قوت کو اُن محکمہ جات اور شعبہ جات میں تعینات کیا جائے گا

جہاں افرادی قوت کا فقدان ہے تاکہ اُن محکموں کی افرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔ یہاں اس بات کا بھی خیا ل رکھا جائے گا کہ متعلقہ عہدے کے لیے متعلقہ تربیت یافتہ فرد تعینات کیا جائے۔

اس کے علاوہ جہاں ضرورت محسوس ہواُن افراد کی تکنیکی صلاحیت کو بہتر کرنے کے لیے انہیں پاکستان اسٹیل کے میٹالرجیکل ٹریننگ سینٹر(ایم ٹی سی-MTC) میں عملی تربیت (Capacity Building Measures ) کرائی جائے گی۔ ترجمان پاکستان اسٹیل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے۔

پاکستان اسٹیل کے ملازمین کے روزگار کا تحفظ، ادارے کی بحالی اور ترقی موجودہ انتظامیہ کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں جس کی بدولت پاکستان اسٹیل کے ملازمین کا ازسر نو اعتماد بحال ہونا کامیابی کا سنگ میل ہے۔

پاکستان اسٹیل کی بحالی کے ساتھ ساتھ اس کے مربوط کارخانوں سے حکومتی اہداف کے مطابق پیداواریت میں اضافہ اِن کارخانوں میں کام کرنے والے ملازمین کی بدولت ہی حاصل کرسکتے ہیں۔