کراچی (جیوڈیسک) کراچی ائرپورٹ پر دہشت گردوں کی بڑی کارروائی پاک فوج اور رینجرز کےجوانوں نے پسپا کردی۔ بھر پور جوابی کارروائی میں پولیس اور ائرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بھی حصہ لیا۔ حملے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 10 دہشت گرد مارے گئے۔ رات 11 بجکر 15 منٹ پر 8 سے 10 دہشت گرد کراچی ائرپورٹ کے ٹر مینل ون میں داخل ہو گئے۔ اور اندھادھند فائرنگ اور دھماکہ کر کے ائر پورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
جس کے فورا ًبعد رینجرز کے جوانوں نے ائرپورٹ پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ حملہ شدید تھا۔ دہشت گردوں کی جانب سے مسلسل گولہ بارود کا استعمال کیا جارہا تھا جس کے بعد پاک فوج کے چاک و چوبند دستے بھی ائرپورٹ پہنچ گئے جس کے بعد تمام سیکیورٹی اداروں نے بھر پور کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ رینجرز حکام کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اے کے 47، دستی بم اور دیگر بھاری اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
اسلحہ بھارتی ساختہ ہے یا نہیں۔اس کی تحقیقات کی جائیگی۔ ہلاک ہونے والوں میں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائیگا۔ رینجرز کے مطابق دہشت گرد شکل سے ازبک لگتے ہیں۔ حملے کے نتیجے میں رینجرز، پولیس ائرپورٹ سیکیورٹی فورس اور ائر کرافٹ انجینئر سمیت 18 افراد شہید ہوئے جبکہ کارگو کنٹینر بھی جل گیا۔ سکیورٹی فورسز نے ایئرپورٹ کو گھیرے میں لیکر داخلی و خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا،جبکہ گذشتہ رات سے کراچی ائرپورٹ پر تمام پروازیں معطل ہیں۔