لاہور (جیوڈیسک) انقلابی شاعر فیض احمد فیض کے نام سے شروع کی جانے والی مسافر ٹرین کے افتتاح کی ایک تقریب کل بروز اتوار لاہور ریلوے اسٹیشن پر منعقد کی گئی، جس میں فیض احمد فیض کی بیٹیوں نے اس ٹرین کا افتتاح کیا۔ اپنے پوتوں کے ساتھ سلیمہ ہاشمی اور منزّہ ہاشمی دونوں نے اپنے والد کی یاد کے ساتھ جذبات سے مغلوب ہوتے ہوئے فیض احمد فیض پسنجر ٹرین (209 -Up/210-Down) کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔
اس موقع پر ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔ سلیمہ ہاشمی نے کہا ’’میں ریلوے ٹریڈ یونین کے رہنماؤں کے درمیان پروان چڑھی ہوں۔ لاہور کا ریلوے اسٹیشن ٹریڈ یونین کی طاقت کا گواہ ہے۔اس وقت میں اپنے والد کے مقابلے میں ان ریلوے کے رہنماؤں کو زیادہ یاد کررہی ہوں۔‘‘
ان کی چھوٹی بہن منزّہ نے اس ٹرین کو اپنے والد کے نام منسوب کرنے کو ایک شاعر کے لیے خراجِ تحسین قرار دیا۔ سات بوگیوں اور ایک بریک وین پر مشتمل اس ٹرین میں سات سو تیس مسافر سفر کریں گے۔ یہ ٹرین لاہور سے نارووال کا فاصلہ دو گھنٹے دس منٹ میں طے کرے گی۔ یہ 209-اپ شام سوا چھ بجے لاہور اسٹیشن سے اور 210-ڈاؤن پانچ بجے صبح ناروال سے روانہ ہوگی۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ مزید مسافر ٹرینوں کے آپریشن بھی آہستہ آہستہ بحال کردیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے برانچ لائنوں پر لاہور سے چلنے والی آٹھ ٹرینوں کو استعمال میں لایا جارہا ہے، جنہیں انجنوں کی کمی کی وجہ سے معطل کردیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ہم کراچی سے سندھ کے دیگر علاقوں خصوصاً سکھر کو جانے والی مسافر ٹرینوں کے آپریشن کو بحال کرنے پر بھی کام کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق وزیر شیخ رشید احمد نے عوامی ایکسپریس میں اپنے ٹرین مارچ کے لیے تقریباً80 سیٹیں محفوظ کروائی تھیں۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’’مجھے امید ہے کہ شیخ صاحب ایسا کوئی قدم نہیں اُٹھائیں گے، جو راولپنڈی لاہور سیکشن پر پانچ ہزار مسافروں کے لیے تکلیف کا سبب بنے۔ وہ کچھ عرصے کے لیے ریلوے کے وزیر بھی رہ چکے ہیں اور سمجھتے ہوں گے کہ ریلوے جی ٹی روڈ یا موٹروے کی طرح نہیں ہے۔‘‘
حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اس صوبے میں اپنی کارکردگی پیش کریں جہاں ان کی پارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ’’خیبر پختونخوا میں وزراء کی مراعات میں 150 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ کیا یہی وہ تبدیلی ہے، جس کا انہوں نے اپنے ووٹروں سے وعدہ کیا تھا؟ پشاور میں پولیو تباہ کن سطح تک پہنچ گیا ہے۔
اس لیے کہ اس معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی تھی۔‘‘ وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری جب بھی یہاں پہنچیں گے، مسلم لیگ نون اُن کا خیرمقدم کرے گی۔