حماد سعید کی 181 رنز کی اننگز، سعودی عرب کی 300 رنز سے فتح

Hammad Saeed

Hammad Saeed

سنگاپور (جیوڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل ایلیٹ لیگ میں مالدیپ نے بحرین، سعودی عرب نے بھوٹان اور سنگاپور نے کویت کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اے سی سی ایلیٹ لیگ سنگاپور میں جاری ہے، گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے میچ میں مالدیپ نے بحرین کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا، بحرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے، جواب میں مالدیپ کی ٹیم نے ہدف 40 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عبداللہ شاہد نے نصف سنچری سکور کی۔ دوسرے میچ میں سعودی عرب نے بھوٹان کو 300 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

سعودی عرب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 438 رنز بنائے، حماد سعید نے 181 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ شہباز رشید 108 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ بھوٹان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ایک اور میچ میں سنگاپور نے کویت کو 20 رنز سے ہرا دیا۔ سنگاپور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 216 رنز بنائے۔ کویت کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 196 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔