کراچی (جیوڈیسک) دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے پر فوج اور رینجرز کی کلیئرنس کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پروازوں کی آمدورفت شروع ہو گئی ہے۔
پاک فوج اور رینجرز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن کے بعد ایئرپورٹ کا کنٹرول سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے حوالے کردیا گیا جب کہ آپریشن مکمل ہونے پر ایئرپورٹ کو مسافروں کے لئے کھول دیا گیا اور فلائٹ آپریشن بھی بحال کردیا گیا۔
ایئرپورٹ کو مسافروں کے لئے کھولے جانے پر گزشتہ رات سے وہاں پھنسے مسافروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ رات سے شدید بے چینی کا شکار تھے تاہم اب فلائٹ آپریشن بحال ہونے پر ان کی مشکل حل ہوگئی۔
حملے کے بعد ایئرپورٹ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے جب کہ اے ایف ایف اور سول ایوی ایشن کی جانب سے مسافروں کو سخت چیکنگ کے بعد ایئرپورٹ کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔