بجٹ عوام دوست بنایا جائے مالیاتی ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا: چوہدری مجید

Chaudhry Abdul Majeed

Chaudhry Abdul Majeed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر کا آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست بنایا جائے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر فوکس کیا جائے اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے پر توجہ دی جائے۔ عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے ایسے ترقیاتی منصوبے بجٹ میں شامل کئے جائیں جو بروقت مکمل ہو سکیں اور ان کا عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ ہو۔

اتوار کے روز وزیراعظم آزاد کشمیر نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ آمدہ بجٹ میں قومی کفایت شعاری پالیسی کو اپناتے ہوئے ترقیاتی بجٹ کی پائی پائی آزاد خطہ کی ترقی کے لئے مختص کی جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مالیاتی ڈسپلن قائم کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اس لئے قابل عمل منصوبے بنائے جائیں اور کفایت شعاری کی قومی پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، بجٹ میں شفافیت ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل، میرپور واٹر سپلائی سکیم اور دیگر منصوبے بھی فوری مکمل کئے جائیں۔ دریں اثناء وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے اتوار کے روز سینئر وزیر چوہدری محمد یاسین، وزیر ہائیر ایجوکیشن مطلوب انقلابی، جہانگیر بدر، سابق مشیر حکومت سردار امجد یوسف، چوہدری حق نواز مشیر وزیراعظم برائے اورسیز کشمیریز، حاجی محمد یونس، چوہدری عبدالقیوم، چوہدری خلیق الزمان، پروفیسر اسلم راہی، راجہ شفیق راجہ رحمت خان، راجہ وقار رحمت، حاجی رشید، صوبیدار حنیف، غالب حسین، حاجی نجیب، چوہدری قدیر اور دیگر اہم شخصیات نے ملاقات کی اور انہیں صحت یابی پر مبارک باد دی۔