کراچی ائیرپورٹ کے گمشدہ ملازمین کو تلاش کیا جائے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی اولڈ ائیرپورٹ پر دہشت گردی کے واقعہ کے بعد سے ائیرپورٹ پر کام کرنے والے متعدد ملازمین کی گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے المناک واقعہ کے بعد سے ائیرپورٹ کے ملازمین کی گمشدگی سے ان کے اہل خانہ شدید ذہنی کرب واذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ائیرپورٹ کے گمشدہ ملازمین کو تلاش کیا جائے اوران کے بارے میں اہل خانہ کو آگاہ کیا جائے تاکہ انہیں سکون آسکے۔

الطاف حسین نے کہاکہ مسلح افواج، ائیرپورٹ سیکوریٹی فورس، رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے ناقابل فراموش ہمت وجرات اور بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے نہ صرف تاریخ رقم کی ہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں اور قومی تنصیبات کی بھی حفاظت کی ہے۔

الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ دہشت گردوں سے مقابلہ میں جانوںکانذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لواحقین کو ایک ایک کروڑروپے معاوضہ دیا جائے اورشہیدوں کے گھرکے ایک فرد کو فوری ملازمت بھی فراہم کی جائے۔