پاکستان دہشت گردی روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے: اقوامِ متحدہ

Ban Ki- Moon

Ban Ki- Moon

اقوامِ متحدہ (جیوڈیسک) اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے حکومتِ پاکستان سے کہا ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کو کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری کا یہ بیان پاکستان میں اتوار کو ہونے والے ان دو واقعات کے بعد آیا ہے جن میں کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 19 افراد مارے گئے جبکہ تفتان میں شیعہ زائرین پر خود کش حملوں میں 24 افراد ہلاک ہوئے۔

بان کی مون نے اتوار کو ہونے والے دہشت گردی کے ان دونوں واقعات کی شدید مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ انھیں پاکستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت ملک میں رہنے والے تمام افراد کے مذہبی حقوق کا تحفظ کرے اور ان واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دے۔ پاکستان میں اتوار کو کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور صوبہ بلوچستان کے علاقے تفتان میں شعیہ زائرین پر دہشت گردوں نے حملے کیےتھے۔