نئی دہلی (جیوڈیسک) کاکاپورہ میں کرفیو نافذ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع پلوامہ کے قصبہ کاکا پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فورسز نے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔
عوام نے نوجوانوں کی شہادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھارتی فورسز پر پتھراؤ کیا۔ فورسز نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی، کاکاپورہ میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔
ڈی آئی جی پولیس جنوبی کشمیر وجے کمار کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالے کشمیری نوجوان عسکریت پسند تھے اور انہوں نے گشت کرنیوالے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی، اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں دونوں نوجوان مارے گئے۔
دریں اثنا ضلع رام بن میں بھارتی پولیس کی ایک جیپ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ یہ پولیس اہلکار جموں سے سرینگر کی جانب جا رہے تھے۔ ادھر جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ نے بھارتی وزیر اعظم مودی پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں کشمیری طلبا اور تاجروں کی سلامتی کو یقینی بنائیں، جنہیں قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور انتہاپسند ہندو جماعتیں ہراساں کر رہی ہیں۔