افغانستان: پولیس چھاؤنی پر خود کش حملہ

Afghanistan

Afghanistan

کابل (جیوڈیسک) مشرقی افغانستان میں ایک پولیس چھاؤنی کی پارکنگ میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایک گارڈ ہلاک جبکہ 25 ٹرک تباہ ہو گئے خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ایک خودکش بمبار نے پہلے بارود سے بھری گاڑی چھاؤنی کے داخلی دروازے پر دھماکے سے اڑا لی جس کے بعد دو مزید حملہ آور اندر داخل ہوئے اور انھوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

افغان صوبہ ننگرہار کے گورنر کے ترجمان احمد زئی عبدالزئی کے مطابق بحسود ڈسٹرکٹ میں اتوار کی شب ہونے والے اس حملے میں پولیس کی جوابی کارروائی سے دونوں حملہ آور ہلاک ہوگئے، لیکن لڑائی کے نتیجے میں تقریباً پیچیس ٹینکرز اور ٹرک جل کر خاکستر ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اگرچہ پانچ اپریل کو ہونے والا انتخابی عمل پر امن طور پر مکمل ہوگیا تھا، لیکن اس ہفتے کو انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کی مزید کارروائیوں کا بھی خدشہ تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ جمعے کو انتخابی امیدوارعبدااللہ عبدااللہ اس وقت بال بال بچ گئے تھے، جب دو خود کش بمباروں نے کابل میں انتخابی مہم کے دوران ان کے کانواؤے پر حملہ کیا تھا۔

حملے کے نتیجے میں عبدااللہ عبدااللہ کے تین ساتھیوں سمیت دس افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ اس حملے میں ان کی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ دیگر کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ یاد رہے کہ ابتدائی ووٹنگ کے نتائج کے مطابق عبدااللہ عبدااللہ نے پینتالیس فیصد ووٹ لے کر اپنے مخالف اشرف غنی احمد زئی پر برتری حاصل کرلی تھی۔ سابق وزیر تجارت اشرف غنی احمد زئی نے اکتیس اعشاریہ چھ فیصد ووٹ لیے تھے۔