ارکان اسمبلی کی تنخواہ گریڈ 22 کے افسر کے برابر کرنیکی سفارش

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے اراکین اسمبلی کی تنخواہیں بڑھا کر گریڈ 22 کے آفیسر کے برابر کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

پیر کے روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، وفاقی وزیر زاہد حامد، محمود خان اچکزئی، سید نوید قمر اور قومی اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں کے نمائندے شریک تھے۔

اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کو جائز قرار دیا گیا اور ان کی بنیادی تنخواہ بڑھا کر کم از کم گریڈ 22 کے افسر کے برابر کرنے اور مراعات کی سفارش کی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اس معاملے پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔