لاہور (جیوڈیسک) فلم ، ٹی وی اور تھیٹر کی معروف اداکارہ زارا اکبر نے پاکستان پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
زارا اکبر کی سیاسی وابستگی پچھلے بیس سالوں سے پاکستان پیپلز پارٹی سے تھی مگر زارا اکبر بینظیر بھٹوشہید کے بعد پارٹی کی پالیسیوں سے ہمیشہ ناخوش رہتی تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے زارا اکبر نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے عوام اور خاص طور پر فنکار برادری کیلئے کچھ بھی نہیں کیا۔ محترمہ شہید میری آئیڈیل ہیں اور مرتے دم تک رہیں گی ۔ موجودہ دور میں عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف زبردست عوامی طاقت بن کر ابھری ہے۔
اور مجھے پوری امید ہے کہ ایک نیا پاکستان بنانے میں عمران خان اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں زارا اکبر نے کہا کہ میں نے عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا اور آئندہ بھی اسے ہی سپورٹ کروں گی اورپارٹی کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائوں گی۔