چوک اعظم اور گردونواح میں غریب اور بے روزگار بیوہ خواتین کو لوٹنے کا نیا حربہ

لیہ (ایم آر ملک ) چوک اعظم اور گردونواح میں غریب اور بے روزگار بیوہ خواتین کو لوٹنے کا نیا حربہ ،ڈاکخانہ کے ملازمین بھی لوٹنے والوں کے معاون بن گئے ۔ جس شناختی کارڈ پررجسٹرار جنرل علی ارشد حکیم لکھا ہوا ہے شناختی کارڈ کی نقل بھیجنے پر 20ہزار روپے ملیں گے ۔ سینکڑوں خواتین اپنے،اپنے شناختی کارڈ کی نقول لے کر ڈاکخانہ چوک اعظم پہنچ گئیں ،ڈاکخانہ کے عملہ نے بغیر کسی پتہ ،ولدیت کے علی ارشد حکیم کے نام رجسٹری لفافہ 60روپے میںرجسٹری لفافہ وصول کرنا شروع کر دیا۔

تفصیل کے مطابق چوک اعظم اور گردونواح میں افواہ پھیلائی گئی کہ جس شناختی کارڈ پر رجسٹرار جنرل علی ارشد حکیم کا نام لکھا ہوا ہے وہ علی ارشد حکیم کے نام اپنے شناختی کارڈ کی نقل رجسٹری کریں ان کو 20ہزار روپے ملیں گے غریب ، نادارخواتین اپنے شناختی کارڈ کی نقول لے کر ڈاکخانہ پہنچ گئیں۔ ڈاکخانہ کے عملہ نے بھی غریب خواتین کو لوٹنا شروع کردیا۔لفافہ پر صرف علی ارشد حکیم لکھ کر 35روپے کی بجائے 60روپے کی رجسٹری کرنا شروع کر دی ۔ڈاکخانہ چوک اعظم کے باہر خواتین اور مردوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔کچھ ضعیف العمرخواتین صبح سے بھوکی پیاسی رجسٹری کرانے کے لئے ڈاکخانہ کے باہر موجود ہیں۔

میڈیا کو معلوم ہونے پر جب ذرائع ابلاغ کے نمائندے ڈاکخانہ چوک اعظم پہنچے تو ڈاکخانہ کے انچارج منور اور رجسٹری انچارج سمیع اللہ نے بات تک کرنا گوارہ نہ کی پولیس بھی موقعہ پر پہنچ گئی اور ڈاکخانہ کو تالہ لگا کر بند کر دیا گیا ،ڈاکخانہ انچارچ منور نے اپنے موقف میں کہا کہ ہم بغیر کسی پتہ کے گورنمنٹ کے فائدہ کی خاطر رجسٹری کر سکتے ہیں ۔ جب ان سے رجسٹری کی اضافی رقم لینے کے حوالہ سے پوچھا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے افسران کے علاوہ اس سلسلہ میں کوئی وضاحت نہیں کر سکتے ۔جبکہ گزشتہ روز 02:00 بجے تک صرف علی ارشد حکیم کے نام پر بغیر کسی پتہ کے 160رجسٹری ہو چکی تھیں۔