کراچی ایئرپورٹ کے کولڈ اسٹوریج میں ہلاکتیں مجرمانہ غفلت کے باعث ہوئیں، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر حملے کے بعد کولڈ اسٹوریج کا واقعہ مجرمانہ غفلت کے باعث پیش آیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویئٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی ایئر پورٹ پر حملے کے بعد سرد خانے میں نجی کارگو سروس کے ملازمین کی اموات حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث ہوئیں، بروقت کارروائی کر کے معصوم جانوں کو بچایا جا سکتا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیئے۔

واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شپ جدید اسلحہ سے لیس دہشت گردوں کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کیا گیا تو ایک نجی کارگو سروس کے 7 ملازمین جان بچانے کے لئے کولڈ اسٹوریج روم میں گھس گئے لیکن سرد خانے میں آگ لگنے اور وینٹی لیشن کا نظام نہ ہونے کے باعث تمام افراد اندر ہی پھنس گئے جن کی لاشیں آج صبح باہر نکالی گئیں۔