اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اتوار کی شب 10 دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا تاہم ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر حملے کی کوشش کی ہے۔
قومی اسمبلی میں کراچی ایئرپورٹ حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ 10 دہشت گرد 5 ،5 کی ٹولیوں میں اولڈ ٹرمینل سے داخل ہوئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے سوا 2 گھنٹے میں دہشت گردوں کا صفایا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جو لباس پہنا تھا وہ اے ایس ایف سے ملتا جلتا تھا، سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے نتیجے میں 7 دہشتگرد فورسز کی گولیوں کا نشانہ بنے جب کہ 3 نے خود کو دھماکے سے اڑایا جب کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد حلیے سے غیر ملکی معلوم ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران کوئی ٹینک استعمال نہیں ہوا تاہم حیرت کی بات ہے کہ دہشتگرد کراچی میں آئے اور انہیں کسی جگہ روکا نہیں گیا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد مسافروں کو یرغمال اور طیاروں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے لیکن سیکیورٹی فورسز کی جرات مندانہ کارروائی کے نتیجے میں حملہ آوروں کے عزائم ناکام بنا دیئے گئے۔