مصطفی آباد/للیانی: سابقہ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی175سید طیب حسین رضوی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے کسی صوبے یا کسی گھرانے کو بھی نقصان نہیں ہوگا ،تاہم ملک انرجی کے بحران پر قابوپا لے گا ، جب تک آبی ذخائر کو محفوظ نہیں بنایا جائے گا ملک ترقی اور خوشحالی کی منز ل کو نہیں پاسکتا ،کا لا باغ ڈیم کی تعمیر منزل کے حصول میں معاون اور سود مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 70 فیصد آباد ی کا تعلق زراعت سے ہے ،پانی کی کمی سے زراعت متاثر ہورہی ہے۔
حالیہ بجٹ میں دیے گئے اعدادوشمار میں جی ڈی پی میں جو کمی دیکھنے میں آئی ہے اس کی بڑی وجہ زرعی محاصل کے حصول میں ناکامی ہے ۔جس سے ملک کوخطیر زر مبادلہ کے حصول میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے ۔گر ہم اپنے آبی ذخائر کو محفوظ کرسکیں تو ملک نہ صرف پانی کے بحران پر قابو پالے گا بلکہ زرعی ترقی اور منزل کا حصول یقینی ہوجائے گا ، بد قسمتی سے کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے کو سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا گیا اور اسے متنازع بنا دیا گیا ۔ حکمران آئے روز عوام کو بجلی بنانے کے لولی پاپ دکھاتے رہتے ہیں درحقیقت یہ منصوبے کالا باغ ڈیم کی اہمیت اور افادیت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔