انتظار کی گھڑیاں ختم :‌ 20 ویں عالمی کپ فٹبال کا میلہ کل برازیل میں سجے گا

Football

Football

برازیلیا (جیوڈیسک) 20 واں عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کل شروع ہوگا۔ افتتاحی میچ برازیل اور کروشیا کے مابین کھیلاجائے گا۔ سپین کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی ۔میگا ایونٹ کا آغاز برازیلی تہذیب اور میلوں ٹھیلوں کا رنگ لئے تقریب سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب برازیل کے خزانوں، کلچر اور متنوع طرز زندگی کا عکس لئے ہوئے ہوگی۔ حاضرین اور دنیا بھر میں ٹی وی سیٹس کے سامنے بیٹھے اربوں ناظرین کو ملک کاخوبصورت چہرہ دکھائیں گے ۔ 12جون کو ساؤپالو میں مقامی وقت کے مطابق 3:15 پر شروع ہونے والی تقریب 25منٹ جاری رہے گی اس دوران 600سے زائد فن کار اور بازی گر اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے ۔

اس شو کے بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تقریب صرف ناچ گانے تک محدود نہیں بلکہ یہ برازیل ،اس کے کلچر، لوگوں اور فٹ بال کیلئے خراج تحسین ہوگی ۔ شو کا مرکز نگاہ عظیم الشان روشنی کا گولہ ہوگا جسے قمقموں سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کے روشن ہونے سے سٹیڈیم میں رنگ و نور اتر تا محسوس ہوگا۔

ڈائریکٹرکے مطابق چونکہ تقریب دن میں ہوگی اس لیے آتش بازی کا بہت بڑا مظاہرہ نہیں کیاجائے گا۔ میگا ایونٹ کی میزبانی برازیل کے 12 شہر کرینگے ۔ان شہروں میں ریو ڈی جینرو، برازیلیا ،سائو پالو، فوٹالیزا، بیلو ہوریزونٹے ،پورٹو ایلیگری ، سیلویڈر، ریف، کیوبا، میناس، ناٹل اور کوریٹیبا شامل ہیں ۔ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی32 ٹیموں کو 8گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں میزبان برازیل، کیمرون، میکسیکو اور کروشیا ، گروپ بی میں دفاعی چیمپئن سپین، آسٹریلیا، چلی اور ہالینڈ، گروپ سی میں کولمبیا، آئیوری کوسٹ، یونان اور جاپان، گروپ ڈی میں یورو گوئے ، انگلینڈ، اٹلی اور کوسٹاریکا، گروپ ای میں سوئٹزرلینڈ، فرانس، ہنڈوراس اور ایکواڈور، گروپ ایف میں ارجنٹائن، نائیجیریا، بوسنیا ہرزگووینیا اور ایران، گروپ جی میں جرمنی، گھانا، پرتگال اور امریکہ ،گروپ ایچ میں بیلجیئم، الجیریا، جنوبی کوریا اور روس شامل ہیں۔