کراچی (جیوڈیسک) پورے ملک میں گرم ہوائوں اور شدید گرمی کا راج برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حالیہ گرمی کی لہر آئندہ 5 روز تک جاری رہے گی۔ دن بھرآگ برساتے سورج کی تیز دھوپ سے شہری بے حال رہتے ہیں۔
گرمی کی شدت کو کم کرنے کےلیے گنے کا رس، ٹھنڈے ٹھنڈے لا ل تربوز ، کھٹے میٹھے فالسے ، لسی ،اور ستو کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں کا پارہ چڑھ گیا ہے۔ دن کے وقت تربت کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
دادو میں درجہ حرارت 48 ، منڈی بہاء الدین میں 47 ، لاہور، فیصل آباد ،سرگودھا اور نواب شاہ میں 46 ،پشاوراورملتان میں 45 ، مظفر آباد 43 ، حیدر آباد40 ، کوئٹہ میں 37 اور کراچی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے میں پیر اور منگل کے روز اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔