دھمکیاں مل رہی ہیں لیکن دہشت گردوں کو ختم کر کے رہیں گے، قائم علی شاہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کو موجودہ غیر معمولی حالات کے پیش نظر سیکیورٹی حکمت عملی میں تبدیلی لانے اور آئندہ ایسی صورت حال سے مکمل کامیابی سے نمٹنے کیلیے مؤثر اور جامع منصوبہ بندی کرنے کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ نظام کو مزید فعال کرنے کے احکام دیے ہیں تاکہ دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم سے پہلے ختم کیا جاسکے۔

یہ احکام انھوں نے منگل کو سندھ سیکریٹریٹ میں امن وامان سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کے دوران دیے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ۔

سیکریٹری داخلہ ڈاکٹرنیازعباسی ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر ، آئی جی پولیس سندھ اقبال محمود اور حساس اداروں کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے وقت سے دہشت گردوں کی جانب سے حکومت سندھ کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں ،کیونکہ سندھ میں دہشتگردوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں لیکن ہم ان کو ختم کیے بغیر ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔