کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مائیکرو فنانس بینکوں کے ضوابط میں ترمیم کر دی۔ مرکزی بینک سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مائیکرو فنانس بینکوں کے لئے ترمیم شدہ محتاط ضوابط جاری کئے ہیں۔
ان ترامیم کا مقصد مائیکرو فنانس بینکوں کے نظم و نسق کے ڈھانچے، تحفظ صارف کے طور طریقوں اور اینٹی منی لانڈرنگ پالیسیوں کو بہتر بنانا ہے۔ فی الوقت ملک میں دس مائیکرو فنانس بینک، غریب اور کم آمدنی والے افراد کو بنیادی مالی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
یہ مائیکرو فنانس بینک بھرپور سرمایہ رکھتے ہیں اور متنوع و مضبوط اسپانسرز کی ملکیت میں ہیں۔ نظر ثانی شدہ ضوابط سے ان مائیکرو فنانس بینکوں کو کاروبار میں حالیہ نمو، تکنیکی اختراعات اور مارکیٹ انفراسٹرکچر میں بہتری کے بعد اپنی کارروائیوں کو بہتر طور پر انجام دینے میں مدد ملے گی۔