آئی سی سی کو دھمکی دینے پر سابق کرکٹرز و آفیشلز سیخ پا

ICC

ICC

لاہور (جیوڈیسک) سابق کرکٹرز اور آفیشلزنے سیکرٹری بی سی سی آئی کی جانب سے آئی سی سی کو دھمکی دینے کے بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر آئی سی سی کو ہنگامی اجلاس بلا کر صورت حال کا جائزہ لینا چاہیے ورنہ انٹرنیشنل کرکٹ باڈی کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔

سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری سنجے پٹیل کا بیان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی سی سی کو بین الاقوامی تنظیم رہنا ہے تو اس طرح کی بلیک میلنگ میں آئے بغیر کام کرنا ہو گا۔ پی سی بی کے سابق سی او او سلیم الطاف نے کہا کہ اب بھارتی سیکرٹری کی جانب سے بلیک میلنگ کا اعتراف سامنے آنے کے بعد بگ تھری کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو اجلاس بلا کر اس معاملے کو دوبارہ دیکھنا ہو گا اور الگ باڈی بنانے کی دھمکی دینے پر بھارت کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کرنا چاہیے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ جو کچھ ہونا تھا ہو چکا اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے مفادات کے پیش نظر بھارت کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہو سکے۔