داسو ڈیم کیلئے عالمی بینک رقم دے گا جبکہ دیامر بھاشا ڈیم اپنے وسائل سے بنائیں گے، اسحاق ڈار

Ishaq Dar

Ishaq Dar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ داسو ڈیم کیلئے عالمی بینک رقم دے گا جبکہ دیامر بھاشا ڈیم اپنے وسائل سے بنائیں گے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ ماضی میں ایک ہی منصوبے کا کئی مرتبہ سنگ بنیاد رکھا جاتا تھا، اس کے بعد حکمران کو برسوں تک اس کا خیال تک نہیں آتا تھا لیکن موجودہ حکومت کسی بھی منصوبے پر پہلے اپنا کام مکمل کرتی ہے اس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اس کا افتتاح کرتے ہیں۔

پاکستان اس روشن اور خود مختار مستقبل کی جانب گامزن ہے اس کی نشاندہی قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے کی تھی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کچھ برس قبل عالمی اداروں نے انہیں کہا تھا کہ ہم دیامر بھاشا یا داسو ڈیم میں میں کوئی ایک بنائیں لیکن حکومت داسو اور دیامر بھاشا ڈیم دونوں منصوبے بنائے گی اور دونوں منصوبوں سے 9ہزار میگا واٹ بجلی ملے گی۔

حکومت دیامر بھاشا ڈیم کو اپنے وسائل سے تیار کرے گی اس سلسلے میں زمین کی خریداری کے لئے رقم مختص بھی کر دی گئی ہے۔ عالمی برادری نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے ہمیں کسی ملک کے این او سی کی ضرورت نہیں۔

یہ مسلم لیگ (ن) کا نہیں پوری قوم کا منصوبہ ہے، یہ منصوبہ خیبرپختونخوا میں ہے پنجاب میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نے داسو ڈیم منصوبے کو منظور کر لیا ہے اس پر 58 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی لاگت آئے گی۔