لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے کراچی ائر پورٹ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعہ میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے لئے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز ماڈل ٹائون میں پنجاب حکومت اور چین کی معروف کمپنی سائینو ہائیڈرو کے درمیان سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لئے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی جائے گی۔
پنجاب حکومت شہدا کے لواحقین کو آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں بلامعاوضہ گھر بھی دے گی جبکہ شہدا کے بچوں اور بچیوں کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی اور شہدا کے لواحقین کو علاج معالجہ کی فری سہولت دستیاب ہو گی۔ کراچی ائر پورٹ پر دہشت گردوں کا حملہ انتہائی اندوہناک واقعہ ہے۔ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے بہادری اور دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ملک و قوم کے لئے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پوری قوم کو شہدا کی لازوال قربانیوں پر ناز ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے شہدا کے لواحقین کے لئے مالی معاونت شہید کے خون کا نعم البدل نہیں لیکن شہدا جو اپنی جانوں کا نذرانہ قوم کے لئے پیش کرتے ہیں ان کے لواحقین اور بچوں کی نگہداشت اور دیکھ بھال حکومت وقت کی ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کراچی میں اے ایس ایف کیمپ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔