پروگرام کے لیے 500 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے، راجہ اشفاق سرور

Government Punjab

Government Punjab

لاہور: صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہبازشریف نے چائلڈ لیبر و جبری مشقت کے خاتمے و بحالی پروگرام کے لیے 500ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں چائلڈ لیبر کے خاتمے ،بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن اور اوزان و پیمائش کی چیکنگ اور انہیں جرمانے کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ لیبر افسران کی کارکردگی میںبہتری کی مزید گنجائش ہے۔ ڈسٹرکٹ لیبر افسران محکمانہ امور میں فرسودہ طریقہ کار اپنانے کی بجائے جدید سسٹم کے ذریعے کارکردگی کو موثر بنائیں۔انہوں نے یہ بات آج انڈسٹریل ریلیشنز انسٹی ٹیوٹ ٹائون شپ میں صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ لیبر افسران کی گزشتہ 11ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری لیبر و کمشنر سوشل سکیورٹی فرحان عزیز خواجہ ، ڈی جی لیبر ویلفیئر سید حسنات جاوید کے علاوہ لاہور ، قصور ، شیخوپورہ ، گوجرانوالہ سمیت صوبہ بھر کے تمام ضلعی لیبر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔میڈیاورلدلائن کے مطابق اجلاس میں بھٹہ مزدوروں اور دیگر اداروں کے ورکرز کی رجسٹریشن ، اوزان و پیمائش کی چیکنگ،ویلفیئر گرانٹس و دیگر امور میں تمام اضلاع کے لیبر افسران کی گزشتہ11ماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرورنے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں سے مشقت کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب نے موثر لائحہ عمل تشکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ لیبر افسران کی کارکردگی معیار کے مطابق نہیں ، مقررہ مدت میں کارکردگی نہ دکھانے والے افسران فیلڈ میں رہنے کے اہل نہیں،ان کی جگہ محنتی اور ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے گا۔

راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ محکمے میں اب صرف جزاء اور سزا ء والا معاملہ ہوگا اور صرف سنجیدگی اورخلوص نیت سے میرٹ اور عوامی خدمت کو معیار بنانے والے لیبر افسران ہی فیلڈ میں تعینات کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ناقص کارکردگی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اضلاع میں کم ازکم اجرت یقینی بنانے اور بھٹوں کی رجسٹریش میں لاپرواہی یا تاخیر کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو فوری تبادلہ کردیا جائے گا۔ سیکرٹری لیبر فرحان عزیز خواجہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ لیبر افسران اپنے اپنے علاقوں میں متحرک اور فعال ہو کر محکمہ لیبر کے ایجنڈے کے مطابق پبلک مینیجرز کے طور پر خدمات انجام دیں تاکہ آئی ایل او ، یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو باور کرایا جاسکے کہ محکمہ لیبر کے افسران پیشہ وارانہ انداز میں قومی ایجنڈے کو لے کر محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد برآمدات میں اضافے کے لیے کاوشیں کررہے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں اور ان عوامل کی نشاندہی کی جائے جن کو دور کر کے اس حوالے سے ضلعی لیبر افسران کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین خدمات سرانجام دینے والے پہلے 3 ڈسٹرکٹ لیبر افسران کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے انہیںخصوصی اعزاز اور تعریفی سرٹیفکیٹ دئیے جائیں گے۔