اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی نے کراچی ایئر پورٹ کے کارگو کمپلیکس میں 7 افراد کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم نے کراچی ایئر پورٹ پر واقع نجی کارگو کمپلیکس کے کولڈ اسٹوریج میں 7 افراد کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ کراچی ایئر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ریسکیو آپریشن کر کے مکمل کلیئر قرار دے دیا گیا تھا جبکہ نجی کارگو سروس کے 7 ملازمین کولڈ اسٹوریج میں پھنسے ہوئے تھے جن کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے وزیراعظم نوازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت کو فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی تاہم اس وقت تک کولڈ اسٹوریج میں پھنسے تمام افراد دم توڑ چکے تھے۔