نئی دلی (جیوڈیسک) بےگناہ کشمیریوں کے قاتل اور بھارتی شہریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑنے والے جنرل دلبیر سنگھ کو بھارتی فوج کا سربراہ نامزد ہونے کے بعد مسلسل تنقید کا سامنا ہے۔ رہی سہی کسر سابق بھارتی چیف جنرل وی کے سنگھ کے تازہ الزامات نے پوری کر دی ہے۔ جنرل وی کے سنگھ نے نامزد آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کو قاتلوں اور ڈاکوؤں کا سر پرست قرار دیا ہے۔
جنرل دلبیر سنگھ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں میں سیکڑوں کشمیریوں کو شہید کرنے میں بھی ملوث ہیں۔ بھارتی ریاست آسام میں ان کی انٹیلی جنس یونٹ نے غیر قانونی کارروائیاں کی تھیں لیکن جنرل دلبیر سنگھ نے اپنی یونٹ کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی تھی۔ سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ کا کہنا ہے غیر قانونی آپریشن پر فوجیوں کے خلاف کارروائی جنرل دلبیر سنگھ کی ذمہ داری تھی جس سے انہوں چشم پوشی کی۔
جنرل وی کے سنگھ نے جنرل دلبیر سنگھ کی مشرقی کمان کے سربراہ کے طور پر تقرری روکنے کی کوشش بھی کی تھی جنرل دلبیر سنگھ کی نامزدگی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست بھی عائد کی جا چکی ہے۔